منگلورو:9؍فروری (ایس او نیوز) آپریشن کنول کے آڈیو ٹیپ کو لے کر ریاستی وزیراعلیٰ کماراسوامی نے واضح کیا ہے کہ آڈیو ٹیپ کی جانچ ہونی چاہئے، مینگلور میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کماراسوامی نے کہا کہ اس تعلق سے وزیراعظم نریندر مودی اگر جانچ کرنے کی ہدایت دیتے ہیں تو ہم اس جانچ کے لئے مکمل تعاون فراہم کرنے تیار ہیں۔
جب اُن سے پوچھا گیا کہ ریاستی ودھان سبھا کے اسپیکر نے’متعلقہ آڈیو کلپ کی آواز کو لے کر بتایا ہے کہ وہ آواز یڈیورپا کی نہیں ہے، تو اس بات کا جواب دیتے ہوئے کماراسوامی نے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط بات نہیں کہی۔ انہوں نے اخبارنویسوں سے اُلٹا سوال کیا کہ میں نے بھی یہ کب کہا ہے کہ بات کرنے والے یڈی یورپا ہیں، میں تو یہ کہہ رہا ہوں کہ اُس آواز کی جانچ کی جائے۔ کماراسوامی نے بتایا کہ اُس آڈیو ٹیپ میں اسپیکر ، امیت شاہ اور وزیراعظم کا نام بھی لیا گیا ہے، کماراسوامی کے مطابق ایسی باتیں جمہوری نظام کو کمزور کرنے والی ہیں، اس لئے اس تعلق سے مفصل تفتیش ہونی چاہئے۔
کماراسوامی نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ اگر یڈیورپا نے آڈیو کو ممکری کہا ہے تو جانچ کے ذریعے اس کی سچائی ظاہر ہونی چاہئے۔
خیال رہے کہ کماراسوامی نے جمعہ کو ایک آڈیو ٹیپ جاری کیا تھا جس میں مبینہ طور پر بی جے پی صدر یڈی یورپا کی آواز سنی گئی ہے جو ڈی ایس کے ایک رکن اسمبلی کو کروڑوں روپئے کی رشوت کے عوض بی جے پی میں شامل ہونے کی دعوت دے رہے ہیں۔